مغربی بلوچستان اسرائیلی و امریکی بمباری: دھماکوں سے جیونی اور قریبی علاقے لرز اٹھے

0

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی قصبوں جیونی، پشکان اور ملحقہ علاقوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

مکین خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع کے مطابق یہ دھماکے مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے زیرِ انتظام بلوچستان کے علاقوں پسابندن اور گوتر فازگا میں کی جانے والی شدید بمباری کے باعث ہوئے، تاہم اس حوالے سے تاحال کسی باضابطہ حکومتی یا سفارتی ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ سرحدی ضلع گوادر کے بعض علاقوں میں زمین لرز اٹھی، جس پر شہریوں نے ابتدائی طور پر اسے زلزلہ سمجھا، مقامی پولیس انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دھماکے ایرانی حدود میں ہوئے ہیں۔

تاحال ایرانی حکام یا بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے ان دھماکوں کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔