بلوچ لبریشن آرمی نے خضدار کے علاقے زیدی میں 10 جولائی کو پاکستانی فورسز سے جھڑپوں میں جانبحق ہونے والے اپنے دو ارکان شعیب عمرانی عرف گُرک (گورگین) ولد علی بخش عمرانی اور عبدالقدوس قمبرانی عرف سکندر ولد عبداللہ قمبرانی کی شناخت اور تنظیمی تفصیلات اپنے آفیشل چینل “ہکل” پر جاری کردی ہیں۔
تنظیم کے مطابق 21 سالہ شعیب عمرانی عرف گُرک ولد علی بخش عمرانی کا تعلق باغبانہ، خضدار سے تھا اور وہ 2025 میں بی ایل اے میں شامل ہوئے جبکہ قلات اور خضدار کے محاذوں پر سرگرم رہے۔
بی ایل اے کے مطابق شعیب عمرانی نے 2025 میں تنظیم میں شمولیت کے بعد بنیادی فوجی کورسز مکمل کیے اور تنظیمی ہدایات پر قلات اور خضدار کے علاقوں میں سرگرم رہے، تنظیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے جنگی حکمت عملی سیکھی اور مختلف کارروائیوں میں حصہ لیا۔
بیان میں شعیب عمرانی کو نظم و ضبط کا پابند اور جنگی سرگرمیوں میں فعال رکن قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ مختلف مشنز کی تکمیل کے لیے تیاری اور محنت کرتے تھے، متعدد مواقع پر پاکستانی فوج کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیا اور ان کارروائیوں میں دشمن کو نقصانات سے دوچار کیا۔
بی ایل اے کے مطابق شعیب عمرانی نے 10 جولائی کو زیدی میں دورانِ لڑائی جام شہادت نوش کی۔
بی ایل اے نے دوسرے رکن کی شناخت عبدالقدوس قمبرانی عرف سکندر ولد عبداللہ قمبرانی کے نام سے کی گئی ہے، جن کا تعلق محلہ خیل، قلات سے بتایا گیا ہے۔
بی ایل اے کے مطابق عبدالقدوس نے لوامز یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن کی تعلیم حاصل کی تھی اور 15 اگست 2025 کو تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔
تنظیم کے مطابق عبدالقدوس قمبرانی ناگاہو، قلات اور خضدار کے محاذوں پر سرگرم رہے اور فوجی تربیت مکمل کرنے کے بعد مختلف علاقوں میں تنظیمی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
بی ایل اے کے مطابق عبدالقدوس نے مختصر عرصے میں مختلف ہتھیاروں کی تربیت حاصل کی اور تنظیم کی متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا، وہ بی ایل اے کے ’’آپریشن ہیروف دوئم‘‘ میں بھی شریک رہے اور مختلف حملوں میں فرنٹ لائن رکن کے طور پر سرگرم رہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ رواں سال جھل مگسی میں کیے گئے ایک حملے میں بھی عبدالقدوس قمبرانی نے فرنٹ لائن رکن کے طور پر حصہ لیا تھا۔
بی ایل اے کے مطابق عبدالقدوس قمبرانی 10 جولائی کو خضدار کے علاقے زیدی میں ایک مسلح کارروائی کے دوران اپنے ساتھیوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔


















































