دالبندین: پولیس تھانہ و ریسٹ ہاؤس مسلح افراد نے نذرآتش کردیا

33

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں مسلح افراد نے پولیس تھانے اور ریسٹ ہاؤس کو کنٹرول میں لینے کے بعد نذرآتش کردیا۔

واقعہ گذشتہ شب دالبندین میں یکمچ کے مقام پر پیش آیا جہاں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیکر ان کا اسلحہ بھی ضبط کیا گیا جبکہ ریسٹ ہاؤس میں کھڑی تین ٹرالر گاڑیوں و مشنری کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

قبل ازیں ڈھاڈر اور نوشکی میں بھی پولیس تھانوں و دیگر سرکاری عمارتوں کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

ڈھاڈر میں پولیس اہلکاروں نے میڈیا بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے پولیس تھانے پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

پولیس اہلکار کے مطابق حملے کے باعث تھانے کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ادھر ضلع نوشکی کے علاقے مل میں بھی جمعہ کی شب پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

نوشکی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تیس کے قریب مسلح افراد نے تھانے پر حملہ کیا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور تھانے میں داخل نہیں ہوسکے۔