قلات: گیس کی عدم فراہمی، مکین ایک بار پھر سڑکوں پر

100

قلات میں شدید سردی، گیس اور بجلی کی بندش سے مشکلات کا شکار، خواتین اور بچوں کا مرکزی شاہراہ پر دھرنا-

قلات میں شدید سردی کے باوجود گیس کی بدستور بندش و بھاری بلوں اور بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف قلات میں خواتین اور بچوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ خواتین و بچوں نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مڈوے کے مقام پر روڈ بلاک کرکے دھرنا دے دیا-

قلات احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جبکہ سینکڑوں گاڑیاں شدید سردی میں پھنس کر رہ گئیں-

مظاہرین کا کہنا تھا قلات بلوچستان کا سرد ترین علاقہ ہے شدید سردی کے اس موسم میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے یہاں کے باسی شدید مشکلات کا شکار ہیں دوسری جانب سوئی گیس کی بندش سے امور خانہ داری میں بھی مشکلات کا سامان ہے کئی مہینوں سے بند اور گیس نہ ہونے کے باوجود بھاری بھرکم بلز بھیجے جارہے ہیں جوکہ قابل مذمت ہے-

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور وفاقی محتسب اعلی نوٹس لیکر بلوں کا مسئلہ حل اور گیس و بجلی فراہمی یقینی بنائیں۔ خواتین کا موقف تھا کہ کئی بار احتجاج کیا مگر مسئلہ برقرار ہے اگر گیس بجلی کا مسئلہ مستقل حل نہ کیا تو آئندہ بھی بھر پور احتجاج کرینگے-

بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج بلوچ، ایس ایچ او قلات حبیب الرحمن بابئی، ایڈیشنل ایس ایچ او قلات لیویز عبدالکریم مینگل نے پہنچ کر احتجاج کرنے والی خواتین سے مذاکرات کی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئیں اور روڈ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔