اردن میں حملوں سے تعلق نہیں ہے: ایران کی امریکی اور برطانوی الزامات کی تردید

108

ایران نے امریکی اور برطانوی الزامات کی تردید کی ہے کہ اس نے اردن میں ڈرون حملے میں ملوث مزاحمت کار گروپوں کی حمایت کی۔ اردن میں فوجی اڈے پر حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘ایرنا’ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کے حوالے سے کہا کہ “یہ دعوے مخصوص سیاسی اہداف کے ساتھ خطے کے حقائق کو پلٹنے کے لیے کیے گئے ہیں۔”
ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کو کہا، “شام اور عراق میں سرگرم ایران کے حمایت یافتہ مزاحمت کار گروپ” اردن کے شمال مشرق میں سرحدی فوجی مرکز پر حملے کے پیچھے ہیں۔

کنعانی نے پیر کو کہا، ایران ان دعوؤں کو “بے بنیاد” سمجھتا ہے۔

کنعانی نے یہ بھی کہا کہ شام اور عراق پر امریکی حملوں کے ساتھ ساتھ غزہ میں جنگ جاری رہنے سے خطے میں عدم استحکام کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔

کنعانی نے کہا کہ “مزاحمتی گروپ” اسلامی جمہوریہ سے احکامات نہیں لیتے۔

اس سے قبل امریکہ میں ایران کے مشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ “ایران کا امریکی فوجی مرکز پر حملے سے کوئی تعلق اور واسطہ نہیں ہے۔”