امریکا: چینی قونصل خانے کی عمارت سے گاڑی ٹکرانے والا ڈرائیور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک

143

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسیسکو میں چینی قونصل خانے کی عمارت سے گاڑی ٹکرانے والے ڈرائیور کو پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جو گاڑی کو قونصل خانے کے ویزا دفتر میں لے گیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے سان فرانسیسکو میں چینی قونصل خانے میں داخل ہونے والی گاڑی کے ڈرائیور کو گولی مار کر قتل کردیا جہاں گاڑی ویزا مرکز تک جا پہنچی تھی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کی تفصیلات واضح نہیں ہیں تاہم پولیس نے کہا کہ ڈرائیور کی شناخت اور گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں اور واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔

سان فرانسیسکو کے محکمہ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ مجھے پتا نہیں کہ جب گاڑی کو حادثہ پیش آیا تو اس وقت ویزا آفس میں کتنے لوگ موجود تھے۔

ترجمان نے کہا کہ جب افسران جائے وقوع پر پہنچا تو انہوں نے چینی قونصل خانے کی لابی میں ایک گاڑی دیکھی جس کے بعد افسران وہاں داخل ہوئے اور مشتبہ شخص سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہاں ایک افسر نے فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ بعدازاں مشتبہ شخص کو ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پولیس امریکی محکمہ خارجہ کے تفتیش کاروں سے تعاون کر رہی ہے، لہٰذا ابھی تک یہی معلومات ہے۔ چینی سفارت خانے نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ایک مشتبہ شخص جارحانہ انداز میں قونصل خانے کے ویزا آفس تک گاڑی لایا جس نے وہاں موجود عملے اور دیگر لوگوں کے لیے خطرہ پیدا کردیا جبکہ قونصل خانے کے املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔

قونصل خانے کہا کہ وہ اس پرتشدد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور واقع کی ذمہ داری کی تفتیش کرنے کا حق رکھتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مشتبہ شخص نے قونصل خانے میں موجود عملے اور لوگوں کو قتل کرنے کے ارادے سے گاڑی اندر داخل کی۔ ترجمان نے کہا کہ چین، امریکا سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقع کی فوری تفتیش کی جائے اور چینی سفارت خانوں اور عملے کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔

قونصل خانے کہا کہ 10 اکتوبر تک وہ اپنا قونصلر سرٹفکیٹ ہال عارضی طور پر بند کرے گا اور سروسز دوبارہ بحال ہونے کے بعد عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔