خضدار/، خاران: معروف تاجر سمیت 3 افراد بازیاب

217

بلوچستان کے ضلع خضدار اور خاران سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والے تین افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔

خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ گذشتہ روز خضدار سے لاپتہ فضل یعقوب بلوچ اور شمس بلوچ باحفاظت بازیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کھنڈ کے رہائشی فضل بلوچ ولد محمد یعقوب جنہیں رواں ہفتے رات 1 بجے کے قریب اسکے گھر سے جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا تھا۔

فضل بلوچ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے گریجویشن کرچکا ہے جبکہ وہ ایجوکیشنل تنظیم سیو سٹوڈنٹس فیوچر کے بانی اور تنظیم کے سابقہ چیئرمین رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ چار روز قبل فضل بلوچ کے بھتیجے شمس بلوچ کو پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اسکے گھر سے جبری طور پر لاپتہ کردیا تھا وہ بھی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

درین اثنا خاران سے اغوا ہونیوالے کاروباری شخصیت حفیظ اللہ لوراجہ بازیاب بھی ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ان کی بازیابی کی اہلخانہ نے تصدیق کردی ہے۔

تاجر کی جبری گمشدگی کیخلاف خاران شہر میں دیگر تاجروں نے مسلسل احتجاجی دھرنا جاری رکھا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والے ان افراد کی گمشدگی کے خلاف لواحقین کی جانب سے خضدار اور خاران میں احتجاج کئے گئے تھے۔