بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 4 افراد جانبحق، پانچ زخمی

132
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ و دیگر واقعات میں مجموعی طور پر خاتون سمیت چار افراد جانبحق، مزید پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں نامعلوم نے مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بھائیوں امان اللہ اور حمیداللہ ولد حاجی گل شیر قوم زرکون ساکنان کلی پرانا دکی کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے-

فائرنگ سے زخمی دونوں افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے-

منگچر کے علاقے خالق آباد آدمزئی میں لانگو اور کلوئی رند برادری کے درمیان مسلح تصادم، دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ سے لانگو برادری کے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسی طرح پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار کی حدود شاہی چوکی میں نامعلوم افراد نے 25 سالہ طالب لہڑی نامی نوجوان کا گلا کاٹ کر زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

ادھر مکران کوسٹل ہائی وے پر دو مختلف حادثات پیش آئے-

مکران کوسٹل ہائی وے پر پسنی کے علاقے شتنگی کے مقام پر تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل سوار دیہی علاقہ کنڈاسول کے رہائشی خاتون اور اسکی بچے واہگ ولد گوریچ کو کچل ڈالا۔

عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ پر موجود لوگ ویڈیو بناتے رہے جبکہ زخمی تڑپٹے رہے، بعد میں ریسکیو حکام نے زخمیوں کو پاک عمانی ہسپتال پہنچا دیا جہاں پر مسمات یامی زوجہ گوریچ جانبحق ہوگئی جبکہ اسکا بیٹا واہگ ولد گوریچ شدید زخمی تھا جسے مزید علاج کے لیئے کراچی منتقل کردیا گیا۔

دریں اثناء مکران کوسٹل ہائی وے کنڈملیر بزی ٹاپ کے مقام پر ایل پی جی ٹینکر حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق اور کلینر شدید زخمی ہوگیا۔ لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا ہے-

جانبحق شخص کی شناخت محمد یاسین ولد رحمت علی کے نام سے ہوئی جبکہ ایل پی جی ٹینکر ایران بارڈر سے پنجاب جارہا تھا۔