پاکستان: حالات کے پیش نظر ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ

118

پاکستان میں حالات کے پیش نظر ریلویز پولیس نے تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹفارمز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا۔

آئی جی ریلویز کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

جبکہ اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھائی جاچکی ہے۔ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اور کلیئر کرنے کے احکامات سمیت غیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریلویز پولیس کو ٹرینوں کے واش رومز اور حساس جگہوں کی تلاشی کو یقینی بنانے کے علاوہ ڈیوٹی پر مامور ملازمین کو نہایت الرٹ اور چوکنا ہوکر ڈیوٹی سرانجام دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سینٹرل پولیس آفس ریلویز کے احکامات پر تمام ایس پیز نے ریلوے اسٹیشنز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا۔

یاد رہے کل چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں دھماکا ہوا ۔ جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس میں سوار ایک خاتون ہلاک اور 4 مسافر زخمی ہوگئے تھے جبکہ مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے قبول کی تھِی۔

تنظیم کے بیان میں کہا گیا کہ حملے میں پاکستان فوج کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔