کیچ: پاکستانی فورسز پر مزید دو حملے

587

بلوچستان کے علاقے زامران اور پروم کے درمیانی علاقے بسد، ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز پر حملے کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق زامران اور پروم کے درمیانی علاقے بسد کے مقام پر قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ کو آج نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں گولیوں اور بم دھماکوں کی آواز سنی گئی ہیں۔

دوسری جانب بلیدہ سے اطلاعات ہیں کہ نامعلوم افراد نے گلی کے مقام پر قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ بھی نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں فورسز کو نقصان کا سامنا رہا ہے تاہم حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے ناہی حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔

آج ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ، بلیدہ اور بسد کے مقام پر فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جنکی ذمہ داریاں تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ تربت و کیچ میں سیکورٹی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آج سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے، خواتین اور بچیوں کو تعلیمی اداروں سے آنے جانے اور ہسپتال لیجانے کیلئے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تربت شہر سمیت ضلع کیچ میں کچھ دنوں سے سیکورٹی صورتحال اور دستی بم حملوں سے شہری پریشان ہیں، شہریوں کی شکایت پرآج سے ضلع کیچ میں تاحکم ثانی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔