والدین نے تین بیٹوں کو قتل کرنیوالے بیٹے کو معاف کردیا، عدالت کا رہائی کا حکم

257

کوئٹہ کی سیشن کورٹ نے اپنے تین بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

کوئٹہ کے ایڈیشنل سیشن جج 5 اسد اللہ خان کی عدالت میں تہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی اور تہرے قتل میں ملو ث ملزم قیس خان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

مقتولین کے والدین نے ملزم قیس کے اقدام کو غلطی قرار دیتے ہوئے قصاص ودیت کے تحت اسے معاف کردیا۔

والدین کے بیان کے مطابق ملزم سے غلطی ہوئی ہے اور ہم اس کو معاف کرتے ہیں۔ والدین کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے پر عدالت نے ملزم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ رواں سال26 ستمبر کی رات شادی کی تقریب سے واپس آتے ہوئے ملزم قیس خان نے اپنے سگے بھائیوں زریان خان، سیدال خان اور زرنگ خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ ایک ملازم بچہ زخمی ہوا تھا۔

مقتولین کے ورثا نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروایا تھا تاہم واقعے کی تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم قیس خان کو گرفتار کیا جس نے قتل کا اعتراف کیا تھا اور پولیس کو بیان دیا کہ اس کا اپنے بھائیوں سے وجہ عناد روک ٹوک اور جائیداد کا لالچ ہے۔