ایران خواتین پر تشدد اور مظاہرین پر جارحیت ختم کرے۔ یو این اجلاس

297

جرمن وزیر خارجہ نے ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے تہران کی مذمت کرنے کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا جنیوا میں جمعرات کے روز ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ایران میں انسانی حقوق کی ابتر ہوتی ہوئی صورت حال” پر غور و خوض کیاگیا۔

خیال رہے کہ ایران میں گزشتہ تقریباً دو ماہ سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف حکومت ان مظاہروں کو کچلنے کے لیے  سخت اقدامات کر رہی ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

جرمنی کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک جنیوا میں منعقدہ اجلاس میں ایران میں مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کے لیے ایرانی قیادت کی مذمت کریں گی۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی حکام کے وحشیانہ جبر کے باوجود ایرانی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین پر جبر اور خواتین اور لڑکیوں پر تشدد بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کو خواتین کے حقوق کی اقوام متحدہ کی کمیٹی سے خارج کرنے کے لیے کام کرے گا۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کونسل میں ایرانی عوام کے ناقابل تردید حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔ انسانی حقوق کی کونسل کے اراکین ناانصافی اور پرامن مظاہروں کو تباہ کرنے کے لیے ایرانی حکومت کے سخت اقدامات کے خلاف متحدہ موقف اختیار کر سکتے ہیں۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک “ہمت اور وقار “کے ساتھ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوجانے والوں کی حمایت میں ٹھوس اقدامات کرنے کا عہد کرتا ہے۔”