واشک میں پاکستانی فورسز پر حملہ

509
File Photo

بلوچستان کے ضلع واشک میں گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق فورسز کے پوسٹ پر حملہ واشگ کے علاقے راغے میں کیا گیا جہاں فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

حملے کے بعد حملہ آور نامعلوم مقام فرار ہوگئے۔ حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ “راہو”میں نامعلوم افراد نے نجی کمپنی کے نصب شدہ موبائل ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے بعد علاقے میں موبائل فون سروس معطل ہوگئی۔

لیویز ذرائع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے یوفون کمپنی کے نصب شدہ ٹاور کو بارودی مواد سے اڑا دیا جبکہ ٹاور کے مشینری و بیٹری سمیت دیگر آلات کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔ ٹاور اڑانے کے بعد علاقے میں موبائل فون سروس مکمل معطل ہوگئی۔

یاد رہے اس سے چند مہینے قبل قلات ہی کے علاقوں گزگ، جوہان، کشان شیخڑی میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے مذکورہ یوفون کمپنی کے موبائل ٹاوروں کو بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا تھا۔

مذکورہ علاقوں میں اکثریت حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے تاہم گذشتہ روز ہونے والے حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں بھی گذشتہ روز بارودی سرنگ کا ایک اور دھماکہ ہوا ہے جس

کے باعث مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ چرواہا محفوظ رہا۔

دھماکہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے کچی کینال شاخ نمبر 8 کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعہ سے متعلق تحقیقات شروع کی۔