چھتر: فائرنگ سے دو افراد ہلاک، پانچ زخمی

216

بلوچستان کے علاقے چھتر میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے گوٹھ موندر نزد شہنشاہ تحصیل چھتر میں گھروں میں سوئے ہوئے بھنگر قبیلے کے افراد پر جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

واقعے کے بعد حملہ آور رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، فائرنگ کے نتیجے میں محکمہ صحت نصیر آباد کے سینئر پیرا میڈیکس عبدالطیف بھنگر کے چھوٹے بھائی سمندر خان ولد رئیس پنجا خان بھنگر اور ایک 8 سالہ رشتہ دار بچی شبیلا ہلاک جبکہ دیگر 5 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں عبدالطیف بھنگر کے 2 بھتیجے احمد علی اور امجد علی بغی شامل ہیں۔

چھتر پولیس نے ہلاک اور زخمیوں کو ڈویژنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے شعبہ حادثات پہنچا دیا۔ جہاں ڈاکٹر رشید عمرانی نے میڈیکل سپرنٹڈنٹ ڈاکٹر ایاز حسین جمالی کی نگرانی میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی زخمیوں میں دو بہنوں نور جہاں اور شنیلا بنت محمد شریف بھنگر سمیت 5 زخمیوں کو ایم ایس ڈاکٹر ایاز جمالی نے مزید علاج معالجے کیلئے لاڑکانہ ریفر کر دیا۔

دریں اثنا سابق قائم مقام صوبائی چیئرمین پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن بلوچستان اور سابق صدر ڈیرہ مراد جمالی پریس کلب آغا نیاز مگسی نے ہسپتال پہنچ کر عبدالطیف بھنگر کے ساتھ ہونے والے افسوسناک واقعہ پر سخت افسوس و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی نصیر آباد رینج اور ایس ایس پی نصیر آباد سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔