خضدار :پانچ روز بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

162

خضدار کے شہری گذشتہ پانچ روز سے اندھیرے میں زندگی گزار رہے ہیں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں-

کیسکو حکام کے مطابق گذشتہ دنوں بارشوں اور سیلاب کے باعث خضدار ٹرانسمیشن لائن گرنے سے خضدار، وڈھ، قلات، منگچر، سوراب گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے-

محکمے کے مطابق 220kv دادو، خضدار ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں گرنے سے خضدار شہر کی بجلی معطل ہوگئی ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے-

خضدار مکینوں نے شکایت کی ہے کہ پانچ روز سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث معمولاتِ و کاروباری زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے-

شہریوں کا کہنا تھا ایک طرف شدید بارشوں سے شہر کے مختلف علاقوں نقصانات کے باعث شہری پریشانی میں مبتلاء ہیں جبکہ بجلی و دیگر سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کی زندگی مزید مشکل ہورہی ہے-

کیسکو حکام کا کہنا ہے شدید بارشوں سے سندھ سے بلوچستان جانے والے بجلی کے مین ٹاورز کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی مقامات پر سیلاب کے باعث بجلی کی بحالی کا کام سست روی کا شکار ہے تاہم کیسکو ٹیمیں فوری بجلی بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں-