ہیٹی کے صدر گھر میں قتل، خاتون اول شدید زخمی

225

ہیٹی میں نامعلوم مسلح افراد نے صدر جووینل موئس کے گھر پر حملہ کرکے صدر کو قتل کردیا جبکہ گولیاں لگنے سے خاتون اوّل شدید زخمی ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رات کی تاریکی میں ہسپانوی زبان میں بات کرنے والے نامعلوم افراد نے ہیٹی کے صدر پر حملہ کردیا۔ 53 سالہ جووینل موئس کے سر پر گولی لگی جو ان کی ہلاکت کا باعث بنی جب کہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔

تاحال حملہ آوروں کا تعین نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ حملے کے وقت صدر کے سکیورٹی اہلکار کہاں تھے اور حملہ آور اتنی آسانی سے کیسے گھر میں داخل ہوگئے۔

عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف کے دفتر سے جاری بیان میں واقعہ کی تصدیق کی گئی۔

عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف نے خود کو ملک کا سربراہ ڈکلیئر کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا قتل غیر انسانی اور وحشیانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ عوام جذبات کو قابو میں رکھیں پولیس اور ملک کی مسلح افواج نے سکیورٹی کی صورتحال کو قابو میں کرلیا ہے۔