کوہستان: بس میں بم دھماکہ، 4 چینی انجینئرز سمیت آٹھ افراد ہلاک

541

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں بم دھماکے سے چینی شہریوں سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ایک بس میں بم دھماکے میں چینی شہریوں سمیت 10 کے قریب افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپر کوہستان میں چینی انجینیئرز کی ایک بس میں دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ ایک زیر تعمیر ڈیم کے معائنہ کے لیے جارہے تھے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ بس 30 چینی انجینیئروں کو اپر کوہستان میں واقع داسو ڈیم کے مقام پر لے جا رہی تھی۔ دھماکے میں چینی شہریوں سمیت پیرا ملٹری سکیورٹی فورس کے دو اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ بدھ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے برسین کے قریب ایک کوسٹر میں ہوا جس میں 34 افراد سوار تھے۔

بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ’سات چینی شہری اور دو ایف سی اہلکار ہلاک ہوگئے، جب کہ سات سے آٹھ افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی کوہستان اور ڈی پی او کوہستان موقعے پر پہنچ گئے ہیں۔