شمالی وزیرستان میں مسلح افراد اور فورسز کے مابین جھڑپ، دو اہلکار ہلاک

460
File Photo

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز شمالی وزیرستان میں حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف پاکستانی فورسز کے آپریشن کے دوران مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار ہلاک جبکہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق فورسز کی جوابی فائرنگ میں مسلح افراد کو بھی جانی نقصان کا سامنا رہا ہے، تاہم ہلاک ہونے والے مسلح افراد کی تصدیق آزاد ذرائع سے نہ ہوسکی اور نہ ہی ان کے نام معلوم ہوسکے۔

ہلاک ہونے والے پاکستانی  اہلکاروں کی شناخت حوالدار یونس جبکہ سپاہی وقاص کے ناموں سے ہوئی ۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں جنوبی وزیرستان میں مسلح افراد نے پاکستان کی پیراملٹری فورس ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے چھ اہلکاروں کو ہلاک و زخمی کردیا تھا۔

اُس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے، ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں چار فوجی مارے گئے جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

درین اثناء آج تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کل دوپہر بارہ بجے جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے مشتہ میں پیدل جاتے ہوئے فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا،جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔