گوادر میں مذہبی جماعت کے رہنماء کی گرفتاری، شہر میں احتجاج، سڑکوں پر ٹریفک معطل

325

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں جماعت اسلامی گوادر کے ضلعی نائب امیر سعید احمد بلوچ کو گوادر پولیس نے گھر میں بھاری نفری کے ساتھ گرفتار کرکے تھانہ میں بند کردیا تھا۔

سعید احمد بلوچ کے اہلخانہ کے مطابق گوادر پولیس نے گھر میں گھس کر دروازہ تھوڑ دیا اور ان کے بچوں و خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا کر سعید احمد بلوچ کو ان کے بچوں کے ساتھ تھانے میں لے گیا۔

ذرائع کے مطابق دوران کوریج گوادر پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری حاجی عبید اللّٰہ بلوچ کو بھی پولیس اہلکاروں نے تشدد کرکے رپورٹنگ سے روکا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے دیگر سیاسی پارٹیوں اور عوام کے ساتھ مل میرین ڈرائیو کو ٹائر جلا کر رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر طرح کے ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔

جماعت اسلامی اور دیگر نے جنت بازار سمیت گوادر شہر کے دکانوں کو احتجاجاً بند کردیا، گوادر شہر میں ہرقسم کی آمد و رفت اور کاروباری سرگرمیاں اس دوران معطل رہی۔ سعید بلوچ کی گرفتاری کے خلاف گوادر میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی احتجاج کے باعث انہیں رہا کرکے ایس ایچ او کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعید احمد بلوچ کو گذشتہ روز ایکسین کیسکو گوادر ڈویژن کی مدعیت پر ایک اہلکار پر تشدد کی ایف آئی آر کر دی گئی تھی، جنہیں مقامی پولیس نے اسی ایف آئی آر کی بنیاد پر گرفتار کر لیا تھا۔