جیکلین فرنینڈیس کے والدین ان کے لیے پریشان کیوں ہیں؟

381
انڈین اداکارہ جیکلین فرنینڈیس نے کہا ہے کہ انڈیا میں ان کے تحفظ سے متعلق خدشات کے پیش نظر ان کی فیملی چاہتی ہے کہ وہ بحرین منتقل ہو جائیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی وڈ اداکارہ نے کہا ہے کہ ’انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت کے باعث خاندان والے ان کے تحفظ سے متعلق فکر مند ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ بحرین منتقل ہو جائیں۔‘
جیکلین فرنینڈیس نے ایک انٹرویو میں اپنے والدین کی اس خواہش کے بارے میں بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اداکارہ ان کے ساتھ بحرین میں رہیں۔
انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت کے بعد مثبت کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین کا تعلق سری لنکا سے ہے اور وہ بحرین میں رہتے ہیں۔
جیکلین فرنینڈیس کا کہنا تھا کہ انڈیا میں کورونا کی صورتحال سے متعلق خبریں دیکھ کر ان کے والدین خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔
’سری لنکا میں میرے انکلز اور اور کزنز بھی مجھے وہاں آنے اور رہنے کا کہہ رہے ہیں۔‘
خوبرو اداکارہ کا کہنا تھا کہ سب کے بلانے کے باوجود ان کا انڈیا میں ہی رہنے کا ارادہ ہے اور وہ یہاں رہتے ہوئے اپنا کام جاری رکھنا چاہتی ہیں۔
گذشتہ سال کورونا کی پہلی لہر کے دوران جیکلین فرنینڈیس بالی وڈ اداکار سلمان خان اور ان کی فیملی کے ساتھ پانویل فارم ہاؤس پر رہ رہی تھیں۔

انہوں نے فارم ہاؤس پر رہتے ہوئے سلمان خان کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ بھی کی تھی اور قریبی گاؤں کے رہائشیوں میں اشیائے ضرورت بھی تقسیم کرتی رہی تھیں۔
گذشتہ سال جیکلین فرنینڈیس نے سیف علی خان، ارجن کپور اور یامی گوتم کے ساتھ فلم بھوت پولیس کی ریکارڈنگ بھی کی تھی۔
ان کی نئی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ جاری تھی کہ فلم کے ہیرو اکشے کمار کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔
جیکلین فرنینڈیس آخری مرتبہ فلم ’مسز سیریل کلر‘ میں نظر آئی تھیں جبکہ سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ کے ایک گانے میں اداکارہ نے خصوصی پرفارمنس دی تھی۔