بلوچ سٹوڈنٹس سوشل میڈیا فورم کے قیام کا اعلان

159

بلوچ سٹوڈنٹس سوشل میڈیا فورم کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند عرصے سے سیاسی، سماجی اور مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے سماجی رابطے کے ویب سائٹس کو بطور میڈیم استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہی ویب سائٹس پر منظم اور گروہی شکل اختیار کرکے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا۔ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں جہاں نوجوان آئے روز نت نئے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں اور بلوچ سماج مختلف سماجی بگاڑ کا مرتکب ہو رہی ہے وہیں اِن مسائل کے حل کیلئے جدید طرز عمل اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اسی ضمن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر اور معروضی حالات کو پرکھتے ہوئے “بلوچ سٹوڈنٹس سوشل میڈیا فورم” کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ “بلوچ سٹوڈنٹس سوشل میڈیا فورم “ایک غیر سیاسی فورم ہے جس کا بنیادی محرک سوشل میڈیا کو مین اسٹریم میڈیا کے متبادل کے طور پر استعمال کرکے بلوچ طلباء کے مسائل کو مشترکہ طور پر اجاگر کرنا، بلوچ قومی حقوق کے لیے مشترکہ طور پر آواز اٹھانا اور سیاسی، سماجی و معاشی نہ انصافیوں کے خلاف آگاہی مہم کا انعقاد کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ سٹوڈنٹس سوشل میڈیا فورم کے اغراض مقاصد میں بلوچ طلباء کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا کو مین اسٹریم میڈیا کے متبادل کے طور پر استعمال کرنا، علاقائی، قبائلی، مذہبی و لسانی تفریق سے بالاتر ہوکر بلوچ طلباء کے مسائل و مشکلات کو یکساں طور پر اجاگر کرنے اور انھیں اعلی حکام تک پہنچانے کیلیے سوشل میڈیا مہمات کا انعقاد کرنا، بلوچ طلباء کے مسائل کو مشترکہ طور پر اجاگر کرنے کے لیے طلبا کے درمیان آپسی روابط قائم کرنا، بلوچ قومی حقوق کے لیے تمام نظریاتی اختلافات اور انتظامی حدبندیوں کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ طورپر آواز اٹھانا، بلوچ سماج میں موجود سماجی، سیاسی و معاشی ناانصافیوں کے خلاف آگاہی مہمات کا انعقاد کرنا شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ سٹؤڈنٹس سوشل میڈیا فورم مذکورہ محرکات کو پایہ تکمیل تک پہچانے کے لیے تمام طالبعلموں سے درخواست کرتی ہے کہ سیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ مسائل اور حل کےلیے یکجا ہوں ۔