تجدیدِ وفا کے دن عزم کرکے سندھو دیش کی آزادی کیلئے توانیاں وقف کرنی ہوگی – شاہ عنایت

590

ایس آر اے کمانڈر شاہ عنایت نے 31 مارچ یومِ سندھودیش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ” آج کا دن سندھی قوم کے لئے تاریخ ساز اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے، جس دن پر سائیں جی ایم سید نے جدید قومپرستی کی بنیاد پر سندھودیش کا واضح اعلان کرتے ہوئے سندھی قوم اور ساری دنیا کے سامنے واضح کیا تھا کہ “سندھ کے رہنے والے زبان، کلچر، تاریخی روایات، سیاسی اور معاشی بنیادوں پر جداگانہ قوم ہیں اور تاریخی قوم کی حیثیت سے سیاسی، اقتصادی، کلچرل آزادی، خوشحالی اور ترقی کے لئے اپنے فیصلے خود کرنے کے حقدار ہیں۔ جس کے لئے سندھی قوم کو سندھودیش کی حاصلات کے لئے آگے آکر جدوجہد کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھودیش برِصغیر میں ہزاروں سالوں سے ایک جداگانہ تاریخی وطن رہا ہے اور ساری دنیا کے دوسرے آزاد ممالک کی طرح اُسے بھی اپنے آزاد فیصلے کرنے کا مکمل حق ہے۔” یہی سبب ہے کہ 31 مارچ 1972ع کو سائیں جی ایم نے پاکستان سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر سندھودیش کی مکمل آزادی کا اعلان کیا تھا۔

ایس آر اے کمانڈر نے مزید کہا کہ آج کے حالات میں سندھی قوم سندھ وطن پر قابض پنجاب سامراج، نوآبادکاری، وسائل کی لوٹ مار، سی پیک اور مذہبی انتہاء پسندی سمیت موجود سارے حملوں اور خطروں کو فقط سائیں جی ایم سید کے قومی آزادی کے فکر اور فلسفے سے لیس ہوکر دشمن کو شکست دے سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس لیئے سب سندھی مل کر آج یومِ سندھودیش کے دن کو تجدیدِ عہدِ وفا کا دن کر کے منائیں اور یہ عزم کریں کہ رہبرِ سندھ سائیں جی ایم سید کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے آزاد، خودمختار، سیکیولر اور جمہوری ریاست سندھودیش کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنی ساری صلاحيتیں اور توانائیاں سندھودیش کی آزادی کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لیئے وقف کریں گے۔