اسلام آباد: بلوچ لاپتہ افراد کیلئے احتجاج کو پانچ روز مکمل، کل ریلی نکالی جائیگی

453

بلوچستان سے جبری گمشدگی کے شکار افراد کے لواحقین کی احتجاجی کیمپ کو اسلام آباد پریس کلب کے سامنے پانچ روز مکمل ہوگئے، سیاسی پارٹیوں کے رہنماء سمیت طلباء سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے کیمپ کا دورہ کرکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فرحت اللہ بابر کا لاپتہ افراد کے لواحقین کی کیمپ آمد، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء خان زمان کاکڑ و دیگر پارٹی رہنماوں نے بھی لاپتہ افراد کے کیمپ کا دورہ کیا۔

اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے قائم بھوک ہڑتالی کیمپ گزشتہ پانچ روز سے جاری ہے جہاں مزید لاپتہ افراد کے لواحقین اسلام آباد آکر کیمپ میں شامل ہورہے ہیں۔

لاپتہ افراد کے لواحقین کل اپنے پیاروں کے گمشدگی کے خلاف پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالے گے۔ لواحقین کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ان سے ملکر لاپتہ افراد کے بازیابی کی یقین دہانی کرائے۔

اسلام آباد پریس کلب کے سامنے قائم بھوک ہڑتالی کیمپ میں لاپتہ ڈاکٹر دین محمد، لاپتہ حسان و حزب اللہ قمبرانی، انسانی حقوق کے کارکن راشد حسین بلوچ، بی ایس او آزاد کے رہنماء شبیر بلوچ، زاکر مجید بلوچ، کراچی و مستونگ سے جبری گمشدگی کے شکار نسیم بلوچ، سعید بلوچ و کوئٹہ سے جبری گمشدگی کے مہر گل مری کے لواحقین شامل ہیں۔