بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز وجود نہیں رکھتی – پی ڈی ایم

341

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی کال پر آج اتوار کو بلوچستان کے تمام شہروں میں ریلیاں، مظاہرے۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان بھر میں آج ہونے والے ریلیوں اور مظاہروں میں اپوزیشن پارٹیوں کی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے موجود حکومت پر سخت تنقید کیا۔

مختلف علاقوں میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل، نیشنل پارٹی، جمیت علماء اسلام اور دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک میں جمہوریت کی بحالی سمیت عدلیہ اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے جنگ لڑرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد ان سلیکٹرز کے خلاف ہے جنہوں نے عمران جیسے کٹھ پتلی کو عوام اور ملک پر مسلط کر کے ملک کی خارجہ و داخلہ پالیسی تباہ اور معیشت کو برباد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں جلسہ کی اجازت نہ دے کر سلیکٹرز نے اپنی ناکامی کا پول کھول دیا ہے، لاہور کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں باپ کے نام پر نالائق لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے، بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز وجود نہیں رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے، لواحقین سالوں سے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے سرد راتوں میں بھی سراپا احتجاج ہیں، لیکن حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔