لسبیلہ یونیورسٹی میں تعلیمی ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے – بی ایس اے سی

379

لسبیلہ یونیورسٹی کی انتظامیہ جان بوجھ کریونیورسٹی میں تعلیمی ماحول خراب کر رہی ہے۔ جس کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے – بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں لومز یونیورسٹی اوتھل کی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل انتظامیہ کی وجہ سے یونیورسٹی میں تعلیمی ماحول زوال کا شکار ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے نت نئے حربے استعمال کر رہی ہے جس میں طلباء کو تنگ کرنا سرے فہرست ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ آٹھ مہینے سے کورونا وباء کی وجہ سے بلوچستان سمیت ملک بھر کے طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو چکی تھی جس سے طالب علم کئی ماہ یونیورسٹیوں سے دور رہنے کی وجہ سے پڑھائی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان میں آن لائن کلاسز کی حقیقت سب کے سامنے ہے، طلباء کے اس دگرگوں صورتحال کو مکمل نظرانداز کیا جا رہا ہے جس کے انتائی منفی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ لومز واحد یونیورسٹی ہے جس کے طلباء اٹھ ماہ سے ایک سیمسٹر میں ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ طلباء کو نا تو پروموٹ کر رہی ہے اور نا ہی امتحان منعقد کر رہی ہے جس سے طلباء کا تعلیمی سرگرمیاں معطلی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کی تعلیمی کیریئر داؤ پر لگ گئی ہے۔ تنظیم یونیورسٹی انتظامیہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ طلباء کو مزید مشکلات کا شکار بنانے سے گریز کریں وگرنہ تنظیم سخت احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوسکتی ہے۔