سانحہ موٹروے: کیا صرف عابد اور شفقت ہی مجرم ہیں؟ – رضوان عبدالرحمان عبداللہ

340

سانحہ موٹروے: کیا صرف عابد اور شفقت ہی مجرم ہیں؟

تحریر: رضوان عبدالرحمان عبداللہ

دی بلوچستان پوسٹ

عوامی سطح پر غم و غصے کی لہر ہی شاید وہ ’’حجت‘‘ ہے جو حکومت وقت کو ان حیوانوں کو کیفرکردار تک پہنچانے پر مجبور کررہی ہے، جنہوں نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایک ماں کو بچوں کے سامنے درندگی کا نشانہ بنایا۔ سانحے کا ایک ملزم شفقت گرفتار ہو چکا ہے جبکہ دوسرا ملزم عابد تادم تحریر جدید اور سائنٹیفک طریقوں سے پیچھا کرنے والی پولیس کو کھیتوں کھلیانوں میں چکمے دینے میں مصروف ہے۔

سوال یہاں یہ بنتا ہے کہ کیا اس دلخراش سانحے میں عابد اور شفقت ہی وہ واحد ملزمان ہیں، جو خاتون کی حرمت کو پامال کرنے کے اس گھناونے جرم کے ذمہ دار ٹہرائے جا سکتے ہیں؟

کیا اس ماں کی عزت تار تار کرنے کے ذمہ دار وہ ادارے اور ان کے اہلکار نہیں، جو ہیلپ لائن پر مدد طلب کرتی اس نہتی خاتون کو بے حسی اور اخلاقی پستی کی ردواد سنا کر بھیڑیوں کے سامنے ڈال گئے۔

بے شک سی سی پی او عمر شیخ کو عابد اور شفقت کی طرح خاتون کا جسم بھنبھوڑنے کا ’’موقع‘‘ نہیں ملا، لیکن کیا اس آفیسر نے خاتون کی تذلیل کرنے میں کہیں کوئی کسر چھوڑا؟ اگرچہ پولیس آفیسر اپنی ذہنی غلاضت کے اخراج پر معذرت کے وقتی ڈھکن سے کام چلا کرخود کو محفوظ کر چکے ہیں۔ پر کاش اس آفیسر کو تھپکی دینے والے سانحے کی اس مظلوم خاتون کی حرمت کی قیمت بھی اس ’’بیٹی‘‘ کے عزت کے مساوی لگاتے، جس کے لئے پاکپتن کے ڈی پی او کا راتوں رات تبادلہ کردیا گیا۔

جب یہ سفاک پولیس آفیسر خاتون کے ’’گناہوں‘‘ کو انگلیوں پر گنوانے میں مصروف تھا، تو اس قبیح فعل پر نا تو پڑھے لکھے وزیر برائے منصوبہ بندی کو کوئی ’’غیر قانونی‘‘ بات نظر آئی اور نا ہی اس میں لندن پلٹ مشیر داخلہ کو کوئی ’’تنازع‘‘ دکھا۔ ایک ’’مداری کم معاونِ خصوصی‘‘ کو تو ملزم کے ڈی این اے میچ ہونے کی خبر پر وزیراعلی کی کرسی پر براجمان شخص کو مبارکباد دینے کی سوجھی، برخوردار یہ قابل مذمت حرکت اس شخص کا دل جیتنے کے لئے کررہا تھا، جس کے بوتھی ملزم کے کامیاب فرار کی خبر کے باوجود پشیمانی کے شکنوں سے عاری تھی۔ آخر ان پست ذہنیت اور باعثِ شرم رویوں پر اخلاقی احتساب کیوں نہیں کیا جاتا؟

ایسوں کا مواخذہ کر کون سکتا ہے، جب حاکم ریاستِ خود اس لرزہ براندام کر دینے والی واردات میں برتی جانے والی کوتاہیوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے قوم کو ’’عضو تناسل‘‘ سے جڑی نئی بحث میں الجھا کر بری الزمہ ہو جائے۔ وزیراعظم صاحب شاید بھول چکے ہیں کہ ایسے جرائم کا تدارک کے لئے فوری انصاف اور پولیس ریفارمز جیسے اصلاحات نا کرکے وہ بھی گناہ میں برابر کے شریک ہیں۔

پر وزیراعظم کو آئینہ کون دکھائے، اپوزیشن رہنما تو اس گھناؤنی واردات پر تالیوں کی بوچھاڑ میں موٹروے بنانے کا کریڈیٹ بانٹتے پھرتے نظر آئے۔ اسمبلی کے ارکان کا اخلاقی دیوالیہ پن کو وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی سنجیدہ تقریر پر لگنے والے قہقوں نے ہی ظاہر کردیا۔ جبکہ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کو تو گریڈ 20 کے ایک آفیسر کی حکم عدولی کے بعد اپنے حقوق کے تحفظ کی زیادہ ضرورت ہے۔

ستم بالائے ستم اس سانحے میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے سزا اور جزا کی ’’بڑی دوکان‘‘ سے فقط تشویش کا ’’لولی پاپ‘‘ ہی دستیاب ہوا،‘‘چھوٹی دوکان‘‘ نے سڑکوں پر گشت بڑھانے کا حکم صادر کرکے گاہک کو خالی ہاتھ بھیجنے کی ہزیمت سے خود کو بچایا۔ اگر جان کی امان پاؤں تو عرض کرنا چاہوں گا کہ یہ سسٹم خاتون کو کرونا جتنی عزت ہی کیوں نہیں بخشتی، ملک میں خواتین کے تحفظ کے ناکافی اقدامات پرایک اور ازخود نوٹس بھی تو لیا سکتا تھا۔ چلیں اگر اس میں میں کوئی ’’حکمت‘‘ پوشیدہ ہے تو حضور ریپ کیسزمیں فقط پانچ فیصد سزائیں ہونے کی گتھی کو ہی سلجھا دیجئے۔

دوسری طرف اس سانحے پر دین فطرت کے کچھ داعی مظلوم کا تحفظ کرنے کی بجائے ’’رہزن‘‘ بننے پر تلے ںظر آئے۔ ایک رنگین مولوی خاتون کی حق میں آواز آٹھانے والوں پر اوباش چھوڑنے کی دھمکی دیتا پھیرا، جبکہ تمغہ امتیاز یافتہ’’ملا‘‘ نے مخلوط تعلیمی نظام کو بنیاد بنا کر ریپ کرنے والوں کی ’’بخشش‘‘ کرا دی۔

موٹروے سانحے کو ٹیسٹ کیس کے طور پر دیکھا جائے تو حقائق سے معلوم پڑے گا کہ اس گھناونے جرم میں فقط عابد اور شفقت ہی شریک نہیں ہیں، بلکہ ان کے لئے راہ ہموار کرنے والا ہمارا کھوکھلا نظام بھی برابر کا مجرم ہے۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔