سندھ سے قوم پرست رہنماؤں کے گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری

159

ریاستی آپریشن اور جبری گمشدگیاں بند کی جائیں – سندھی رہنماء

وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی جانب سے قومپرست کارکنان کے خلاف ریاستی آپریشن اور جبری گمشدگیوں کے خلاف 26، 27 اور 28 جون پر سندھ بھر میں احتجاجوں کے کیئے گئے اعلان پر آج سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوئیں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا احتجاج آج لاڑکانہ پریس کلب پر ہوا جس میں قوم پرست رہنماوں سمیت لاپتہ افراد کے لواحقین نے شرکت کی-

کیمپ میں آئے کاشف ٹگڑ اور اس کے بھائی آکاش ٹگڑ کے والد صاحب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا پاکستانی فورسز نے میرے دونوں جوان بیٹوں کو جبری طور اٹھا کر لاپتا کردیا ہے میرے ایک بیٹے کاشف ٹگڑ کو 2018 میں جبری لاپتا کیا گیا تھا جس کی بازیابی کے لیئے میرا دوسرا بیٹا آکاش ٹگڑ گذشتہ دو سالوں سے احتجاج کررہا تھا لیکن گذشتہ دنوں اس کو بھی فورسز نے جبری طور اٹھا کر لاپتا کردیا ہے-

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند دنوں سے پاکستانی فورسز نے سندھ بھر میں قومپرست کارکنان کے خلاف ایک بہت بڑا ریاستی آپریشن شروع کیا ہے جس دوران سندھ کے درجنوں شہروں سے 60 سے زائد قومپرست کارکنان کو اٹھا کر جبری طور لاپتا کردیا گیا ہے۔ جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس احتجاج کے ذریعے یہ مطالبہ کرتے ہیں گذشتہ کئی سالوں اور حالیہ آپریشن میں جبری لاپتہ کیئے گئے تمام قومپرست کارکنان کو رہا کیا جائے اور سندھ میں سیاسی کارکنان کے خلاف ریاستی آپریشن بند کیا جائے کیونکہ اس سے سندھ کے حالات اور بھی سخت سنگینی کی طرف جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں حالیہ ریاستی آپریشن اور جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کیئے گئے جس سلسلے میں دادو ضلع کے میہڑ شہر اور فرید آباد میں جبری لاپتا کیئے گئے قومپرست کارکن امتیاز خاصخیلی سمیت تمام لاپتا افراد کے لیئے احتجاج کیا گیا۔ بدین کے گولاڑچی شہر میں جسقم (آریسر) رہنما محفوظ اسماعیل نوتکانی و دیگر لاپتا افراد کی آزادی کے لیئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ نوشہرو فیروز ضلع کے فیض گنج شہر میں بھی جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج ہوا۔

دوسری جانب آج 8 ویں دن بھی پاکستانی فورسز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کاروائیاں جاری رہیں جس سلسے میں خانپور جونیجو (خیرپور ناتھن شاہ) سے  جسقم (بشیر خان) کے کارکن دودو چانڈیو کو رینجرز کے اہلکار وں نے گرفتار کرکے لاپتا کردیا ہے۔