حب، بارکھان میں فائرنگ کے واقعات، 1 شخص ہلاک

186

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان اور حب میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بارکھان میں حاجی کوٹ کے نزدیک فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

دریں اثناء صنعتی شہر حب میں کوسٹ گارڈ کے قریب نامعلوم افراد نے حجام کی دکان میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے گذشتہ دنوں حب ساکران روڈ پر واقع حمام کی دکان پر فائرنگ سے دکان مالک سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے، دکان مالک کو شدید زخمی حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

ساکران روڈ پر حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ بی ایل اے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حب چوکی میں آئی ایس آئی کے لیے کام کرنے والے ایک نیٹورک کے کارندوں کو نشانہ بنایا، مذکورہ افراد ساکران روڈ پر حمام کی دکان کی آڑ میں خفیہ اداروں کے لیے کام کررہے تھے۔

تاہم آج ہونے والے فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ سرحدی شہر چمن میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے قبائلی شخصیت مولانا حافظ عبدالقیوم اور حاجی عبدالقیوم جان آغا کے گھر پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے تاہم فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔