تربت: آن لائن کلاسز کے خلاف بی ایس او کا بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری

120

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کی جانب سے آن لائن کلاسز اور ایچ ای سی کے پالیسیوں کیخلاف تربت میں شہید فدا چوک پر سہ روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے کیمپ میں شرکت کرکے طلبہ سے اظہار یکجہتی کی۔

کیمپ میں بی ایس او تربت زون کے صدر عظیم بلوچ، سینئر نائب صدر کریم شمبے، جونیئر نائب صدر اختیار جواد، کراچی زون کے صدر عبداللہ میر، تربت کالج کے یونٹ سیکرٹری سرور سخی، سینئر ممبر خدادوست و دیگر ممبران موجود تھے۔

اس موقع پر بی ایس او کے رہنماؤں نے کہا کہ آن لائن کلاسز لینے کے لئے ہمیں انٹرنیٹ کی سہولیات اور بجلی فراہم کی جائے تاکہ ہم کلاسز لے سکیں۔ ہم یہاں شوق سے نہیں بیٹھے ہیں بلکہ اپنے مستقبل اور طلبہ کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچانے کے لئے اس وبا کے دنوں میں بھی احتجاج پر مجبور ہیں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ بی ایس او نے آن لائن کلاسز کے خلاف شروع دن سے ہی اپنا موقف سامنے رکھا کہ سہولیات کے بغیر آن لائن کلاسز منعقد کرنا طلبہ کے مستقبل کے ساتھ مذاق ہے۔ ایچ ای سی کا فیصلہ غیر منصفانہ اور معروضی حقائق کے برعکس ہے جسکے خلاف بھرپور احتجاج کرینگے۔ جب تک ایچ ای سی اپنے فیصلے پہ نظرثانی نہیں کریں گے احتجاج کا سلسلہ طول پکڑتا جائے گا۔