عمان کے بادشاہ نے اپنے لئے تمام سرکاری القابات کو منسوخ کردیا

651

 سلطنت عمان کے نئے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق نے اپنے لیے مخصوص تمام سرکاری القاب کو منسوخ کرکے صرف سلطانِ عمان کے نام سے ہی پکارے جانے کا حکم جاری کیا ہے۔

 ٹی بی پی رپورٹ کے مطابق  سلطنت عمان کے نئے سلطان ھیثم بن طارق نے اپنے پہلے حکم نامے کے ذریعے اپنے لیے مخصوص شاہی القاب اور خطاب منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حکم کی تعمیل میں اب سرکاری اور نجی خط و کتابت میں بھی فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق کو ’السلطان المعظم‘ ’مولانا، یا ’اعلیٰ حضرت‘ کہہ کر مخاطب نہیں کیا جائے گا۔

نئے سلطان عمان نے یہ بھی ہدایت کی اب انہیں صرف ’سلطانِ عمان‘ لکھا، پڑھا اور بولا جائے۔ ستائش ، تعریف اور مداح سرائی کی ضرورت نہیں۔ یہ سب غیر ضروری ہے اس لیے صرف سرکاری عہدے سلطان عمان کہنے پر ہی اکتفا کیا جائے گا۔

سلطان عمان نے یہ حکم نامہ اپنے وزراء اور مشیران کے لیے لکھا جس کے بعد سلطان کے حکم کو عام کردیا گیا اور میڈیا کو بھی سلطان ھیثم بن طارق کا تذکرہ کرتے ہوئے القابات سے پرہیز کرنے کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سلطان ھیثم بن طارق رواں برس 11 جنوری کو سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر جانشین بنائے گئے تھے وہ سلطان قابوس کے چچا زاد بھائی بھی ہیں۔