ایران نے یوکرائنی مسافر طیارے کو میزائل سے مار گرانے کی تصدیق کردی

222

ایران کے سرکاری ٹی وی نے عسکری ذرائع کے حوالے سے ایک خبر میں تسلیم کیا کہ ایران نے غیر ارادی طور پر یوکرینی طیارے کو میزائل مار کے گرا دیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ بیان ہفتے کی صبح سامنے آیا۔

آٹھ جنوری کی صبح ایک یوکرینی مسافر بردار طیارہ تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے چند لمحوں بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی اور یوکرینی حکام کے مطابق یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کا بوئنگ 737 طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ایئرپورٹ کے قریب گرا تھا۔

ابتدا میں ایرانی ٹی وی رپورٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ حادثے کی وجہ فنی خرابی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں تھیں۔

پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، فلائٹ پی ایس 752 یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہی تھی۔

ایرانی خبررساں ادارے ارنا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا ایران نے یوکرین اور بوئنگ کمپنی دونوں کو دعوت دی ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات میں شامل ہو جائیں۔

اس سے قبل امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ طیارے کو ایرانی میزائل نے نشانہ بنایا، لیکن ایران نے اس کی تردید کر دی تھی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھاایسی اطلاعات ہیں کہ ایرانی حدود میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے اس پرواز کو گرایا گیا اور یہ شاید غیر ارادی طور پر ہوا ہو گا۔