لسبیلہ: پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ سہولیات سمیت پرنسپل اور اساتذہ سے محروم

216

پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اوتھل لسبیلہ گوناگوں مسائل کاشکار، کالج ایک سال سے بجلی سے محروم، طلباء اندھیرے میں درس و تدریس پر مجبور، مقامی عارضی ملازمین گذشتہ تیرہ ماہ سے تنخواہوں کے حصول کے منتظر

وزیراعلیٰ بلوچستان کے حلقہ انتخاب اور لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں قائم گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اوتھل لسبیلہ ان دنوں بے شمار مسائل کا شکار ہے۔

گذشتہ روز اوتھل کے مقامی صحافیوں نے جب پولی ٹیکنک کا دورہ کیا تو وہاں پر موجود لیکچرار محمد لیاقت اور مقصود رئیسانی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اوتھل لسبیلہ بغیر سربراہ کے چل رہا ہے سابق پرنسپل ملک داد رئیسانی کو تبادلہ ہوئے کافی عرصہ ہوگیا ہے لیکن ابھی تک یہاں پر کوئی پرنسپل تعینات نہیں کیا گیا جبکہ ادارہ بغیر بجلی کے چل رہا ہے، کے الیکٹرک پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اوتھل کو بجلی فراہم کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے،

ان کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے ارباب ِحل وعقد کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن بجلی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس وقت کالج میں امتحانات چل رہے ہیں اور اس حوالے سے بازار میں موجود دکان سے پرنٹ وغیرہ نکال کرکام چلایا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کالج میں عارضی بنیادوں پرتعینات چار مقامی درجہ چہارم کے ملازم گذشتہ تیرہ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ملازمین شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کالج کا افتتاح ڈیڑھ سال قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کیا تھا اور ڈیڑھ سال سے ادارہ بجلی سے محروم ہے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ طلباء نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور طریقے سے حصہ لیں لیکن کالج میں گراؤنڈ کی بحالی کیلئے کچھ فنڈز جاری ہوئے تھے لیکن ٹھیکیدار گراؤنڈ کا کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ادارے کو اس وقت اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے اور فرنیچر کی بھی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اوتھل لسبیلہ کو درپیش مسائل کا نوٹس لیکر انہیں فوری طور پر حل کرانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ طلباء اساتذہ اور ملازمین میں پائی جانے والی اضطرابی کیفیت ختم ہو۔