قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بحال

124

سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن ٹریبیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں قاسم سوری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی، جس میں قاسم سوری نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے قاسم سوری کی اپیل باضابطہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرکے قاسم سوری کی رکنیت بحال کرنے کا حکم اور قاسم سوری کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹی فکیشن بھی معطل کردیا، جب کہ قاسم سوری کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کردیا۔

واضح رہے کہ قاسم سوری کی جانب سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ الیکشن ٹربیونل نے لشکری رئيسانی کی درخواست پر این اے 262 کوئٹہ میں الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کالعدم ہونے پر قاسم سوری کو اسمبلی رکنیت اور ڈپٹی اسپیکرشپ سے فارغ ہونا پڑا تھا۔