اپنے لوگوں کی نمائندگی کیلئے ہر محاذ پر جمہوری جنگ جاری رہیگی- لشکری رئیسانی

103

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ چوردروازے سے پارلیمنٹ جانے والوں کا راستہ آئینی و جمہوری طریقے سے روکیں گے، ٹریبونل کے فیصلے پر مخالف امیدوار کے اگلے اقدام کا انتظار کرینگے، یقین ہے سپریم کورٹ حق اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیگی ان خیالات کااظہارانہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف ہر فورم پر جائینگے کیونکہ بلوچستان کے عوام کو ان لوگوں نے پسماندگی کی طرف دھکیل دیا جواپنے مفادات کی خاطر ایسا راستہ اختیارکرتے ہیں کہ عام انتخابات میں بھی عوام کے ووٹوں کااحترام نہیں کرتے اور جعلی مینڈیٹ کاسہارا لیکرعوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں حلقہ این اے 265کے حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ کافیصلہ خوش آئنداقدام ہے اور اس فیصلے سے ان لوگوں کوشکست ہوئی جوغلط راستے سے عوام پر مسلط ہوئے 2018کے انتخابات کے بعدمختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے تحفظات پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی نے انتخابی دھاندلی سے متعلق شواہد الیکشن ٹربیونل میں پیش کئے اور انتخابی دھاندلی سے متعلق ہمارے خدشات سچ ثابت ہوئے اس فیصلے سے انصاف سے آس لگانے والوں کی امیدوں میں اضافہ ہوا 2013کے انتخابات کے بعد دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والوں سے امیدکرتے ہیں کہ وہ اس فیصلے کو تسلیم کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سیاسی اورجمہوری سوچ پر یقین رکھتے ہیں اور ہم نے جمہوری سوچ کے ساتھ ان کامقابلہ کیا اور بلوچستان ہائی کورٹ نے تمام پہلوں کو مد نظررکھ کر فیصلہ کیا عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں سے جعلی نمائندوں کا حق واپس لیا ہے اپنے لوگوں کی نمائندگی کیلئے ہر محاذ پر جمہوری جنگ جاری رہیگی۔

انہوں نے کہاکہ چوردروازے سے پارلیمنٹ جانے والوں کا راستہ آئینی و جمہوری طریقے سے روکیں گے ٹریبونل کے فیصلے پر مخالف امیدوار کے اگلے اقدام کا انتظار کرینگے، یقین ہے سپریم کورٹ حق اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیگی۔