لورالائی حملہ: پولیس اہلکار سمیت 3 خودکش بمبار ہلاک

188

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر حملے میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 حملہ آوروں سمیت ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا ۔

ڈی پی او لورالائی جواد طارق کے مطابق لورالائی میں پولیس کے محکمانہ امتحان کی تیاری جاری تھی کہ اچانک تین مسلح افراد نے پولیس لائن پر حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق تینوں مسلح افراد نے پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور اس دوران مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔

 پولیس کی جانب سے مزاحمت پر  دو مسلح افراد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جب کہ ان کا تیسرا ساتھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور خاتون سمیت 4 اہلکار زخمی ہوئیں۔

پولیس کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے حوالدار اللہ نواز کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے جبکہ زخمیوں میں اے ایس پی لورالائی عطا الرحمان بھی شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران  پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

ڈی پی او لورالائی کے مطابق پولیس لائن اور اطراف کے تمام راستےآمد ورفت کیلئے سیل کر دیےگئے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا اور کلیرنس کا عمل شروع کردیا گیا ہے، اب صورتحال معمول پر ہے۔

دریں اثناء حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔