حب و کچلاک، ٹریفک حادثات میں 1 شخص جانبحق، 4 زخمی

214

حب و کچلاک ٹریفک حادثات میں 1 شخص جانبحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں حب اور کچلاک میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر ایک شخص جانبحق اور چار افراد زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حب، گڈانی لک بدوک کے مقام پر ٹرالر کی ٹکر سے کار سوار چار افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کار کراچی سے وندر جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی، زخمیوں کو جام غلام قادر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو شدید زخمیوں کو طبعی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا۔

ایس ایچ او گڈانی کے مطابق ٹرالر ڈرائیور ثنااللہ ولد جمیل مینگل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دریں اثنا کچلاک کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے ایک شخص جانبحق ہوگیا جس کی شناخت 30 سالہ عبدالبشر ولد حاجی نور احمد سکنہ کچلاک کے نام سے ہوئی ہے۔