تربت: فورسز کے ہاتھوں 2 مزدور گرفتاری بعد لاپتہ

157

تربت میں فورسز نے 2 مزدوروں کو گرفتاری بعد لاپتہ کردیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تربت سے فورسز نے دو افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات پاکستانی فورسز و خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے تربت شہر سے میرک ولد ماسٹر بابو اور بادل ولد رحمدل سکنہ کونشقلات تمپ کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دونوں افراد تربت میں مزدوری کے غرض سے آئے ہوئے تھے جو ایک بیکری میں کام کررہے تھے۔

واضح رہے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے کہ بلوچ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے دن بہ دن ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور بلوچ لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشیں بھی پھینکی جا رہی ہیں۔

گذشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی اختر مینگل نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے گمشدہ افراد کو واپس لانے میں کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیئے گئے۔