بریک ڈاؤن :کراچی شہر کا نصف سے زائد حصہ بجلی سے محروم

163

کراچی میں محض ایک روز کے وقفے سے ہونے والے بجلی کے دوسرے بڑے بریک ڈاؤن سے شہر کا نصف سے زائد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

 کے-الیکٹرک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بجلی بریک ڈاؤن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ای ایچ ٹی نیٹ ورک ٹرپ کر جانے سے شہر کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ اسٹیشن سے شہر کو ملنے والی بجلی بھی بند ہے جبکہ بحالی کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے، تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی نظام میں آنے والی خرابی کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، نارتھ ناظم آباد، ملیر، ماڈل کالونی، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، گزری، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس اور بہادر آباد کے علاقے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی شہر کراچی کےشہریوں نے بجلی کے بریک ڈاؤن کا سامنا کیا تھا، بجلی منقطع ہونے کا سلسلہ پیر کی شب سے شروع ہوا جو تقریباً 24 گھنٹے تک جاری رہا تھا اور اس دوران کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع جبکہ دیگر علاقوں کو بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا رہا۔

مذکورہ بریک ڈاؤن کی وجہ  کی انتظامیہ نے ہوا میں نمی کے باعث ہونے والی تکنیکی خرابی کو قرار دیا تھا۔