بلوچستان : انتخابی امیدوار نے حمایت نہ کرنے پر لوگوں کا پانی بند کردیا

177

پاکستان کے عام انتخابات 2018ووٹ لینے کے لئے دھونس دھمکی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے صحبت پور حلقہ پی بی15سے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ )کے امیدوار کی جانب سے پٹ فیڈر سے نکلنے والی ذیلی نصیرشاخ کے ایک واٹر کورس کو رات گئے ۔

ٹریکٹرز کے ذریعے بند کردیا جس پر گاؤں امتیاز احمد گولوکے کسانوں نے بچوں سمیت احتجاج کرتے ہوئے بی اے پی کے امیدواروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کا کہنا تھا ووٹ ہمارا حق ہے وہ اپنی مرضی سے دیں گے ہمارے واٹر کورس کو بند کرکے ہمارے بچوں سے نوالہ چھین رہے ہیں ۔

انہوں نے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کا واٹر کورس کھلوانے کے ساتھ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔اس موقع پر حلقہ پی بی 15سے نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار میر دوران خان کھوسہ نے اپنے کارکنان اور حمایتیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور امن و خوش اسلوبی کے ساتھ انتخابات ہونے کے حامی ہیں لیکن ہمارے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

پی بی 15 سے بی اے پی کے امیدوار کی ایماں پر ان کے لوگوں نے ہمارے حمایتیوں کو مختلف حربوں سے حراساں کر کے تنگ کر رہے ہیں۔انھوں نے گزشتہ رات پٹ فیڈر سے نکلنے والی نصیر شاخ سے پنجابی ڈپ کے مقام پر ہمارے حمایتی میر امتیازخان گولہ کے گوٹھ کے واٹر کورس کو ٹریکٹروں کے ذریعے بند کر دیا ۔

اس واٹر کورس سے گزشتہ 30سالوں سے امتیاز خان گولہ کی زمینیں آباد ہوتی آرہی ہیں۔صرف سیاسی انتقامی کاروئیوں کی بنا پر ان کا واٹر کورس بند کیا گیا ہے۔جو کہ ظلم کرنے کے مترادف ہے۔اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔اس واقعہ کے متعلق پولیس تھانہ شہید ملک محمد علی کو ابتدائی رپورٹ کی درخواست دی ہے۔اگر انتظامیہ نے جلد کاروائی کر کے واٹر کورس نہیں کھلوایا تو مجبورا ہم اپنے ورکرز اور حمایتیوں کے ہمراہ واٹر کورس کھولیں گے۔موقع پر جو بھی نقصان ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائدہو گی۔