رافیل نڈال ریکارڈ 11 ویں مرتبہ فرنچ اوپن کے چمپین بن گئے

151

اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں ڈومینیک تھیم کو شکست دے کر ریکارڈ 11 ویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

رافیل نڈال نے آسٹریا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی ڈومینک تھیم کے خلاف میچ کے اختامی مراحل میں انجری کے باوجود 6-4، 6-3 اور 6-2 سے کامیابی سمیٹ لی۔

عالمی نمبرایک 32 سالہ اسٹار نے اس کامیابی کے ساتھ ہی گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 17 کردی جو حریف کھلاڑی روجر فیڈرر کے ریکارڈ سے محض تین ٹائٹل پیچھے ہیں۔

رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں مشکلات کے باوجود اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ انھیں چوتھے گیم میں انگلی کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹر کی مدد لینا پڑی تھی تاہم انھوں نے میچ کو جاری رکھا اور مسلسل دوسرے سال چمپین بن کر ریکارڈ 11 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

خیال رہے کہ رافیل نڈال نے 2005 میں 20 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ فرنچ اوپن چمپیئن بننے کا اعزاز پایا تھا جس کے بعد وہ مسلسل 2008 تک چمپین رہے تاہم 2009 میں روجر فیڈرر نے ان سے یہ اعزاز چھین لیا۔

کنگ آف کلے کے نام سے مشہور رافیل نڈال نے 2010 میں دوبارہ ٹائٹل اپنے نام کیا اور 2014 تک مسلسل چمپین رہے لیکن 2015 اور 2016 میں اسٹئین واورینکا اور نوواک جوکووچ نے کامیابی سمیٹی جس کے بعد 2017 کے ٹورنامنٹ میں نڈال نے فائنل میں واورینکا کو شکست دے کر جیت کے ٹوٹے ہوئے سلسلے کو بحال کیا اور 2018 میں اس کا کامیابی سے دفاع کیا۔