نیشنل پارٹی فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، بی ایس او آزاد

231

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جہاں ریاست ایک طرف سالہا سال سے بلوچ قوم کی نسل کشی میں مصروف ہے وہی دوسری جانب بلوچوں کے خلاف دوسرے سنگین استعماری ہتکھنڈے بھی استعمال کر رہا ہے، جن میں سے ایک بلوچ سماج کو تعلیم سے محروم کرنا ہے۔ ریاست اِس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ کسی بھی قوم کے عروج و زوال میں طلبہ کا ایک اہم کردار پنہاں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ روزِ اول سے ہی بلوچ نوجوانوں کے خلاف مختلف طریقوں سے متحرک رہا ہے۔ بلوچ سماج میں منشیات کا پھیلاؤ، تعلیمی اداروں پر بندش اور بلوچستان میں معیاری تعلیم پر حملے کی غرض سے پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے خلاف کاروائی اسی منظم پالیسی کا حصہ ہیں۔ پچھلے چار سالوں میں ریاست کی اِس تعلیم دشمن پالیسی میں خاصی شدت آئی ہے ۔ تربت، دشت اور پنجگور کے مختلف تعلیمی اداروں کو جلانا، درس و تدریس سے وابستہ افراد کو دھمکیاں دینااور اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں فوج اور خفیہ ااداروں کی غیر ضروری مداخلت اِس کی واضع مثالیں ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اِس پورے تعلیم دشمن پالیسی میں نام نہاد پارلیمانی جماعت نیشنل پارٹی فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی نظر آتی ہے۔ حال ہی میں تربت کے مختلف اداروں میں فوج کی مداخلت میں شدت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد نیشنل پارٹی نے اساتذہ کی لاچاری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے الیکشن کیمپین کو موثر بنانے کی غرض سے خوف و لالچ کے ذریعے متعدد پرائیویٹ اسکول سربراہان کوااپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ ہم یہ واضع کردینا چاہتے ہیں کہ قبضہ گیر کی طرف سے ریاستی مظالم اور سیاسی و نفسیاتی ہتکھنڈوں کی حمایت میں نیشنل پارٹی کا کردار بلوچ قوم کے سامنے مکمل طور پر عیاں ہو چکا ہے۔ نیشنل پارٹی نہ صرف روزِ اول سے بلوچ قومی تحریک کے خلاف ریاستی پروپگنڈہ مشینری کا حصہ رہا ہے بلکہ ان تمام بلوچ دشمن پالیسیوں کا بھی جو سالوں سے بلوچوں کے خلاف جاری ہیں۔ مگر انسانی تاریخ اِس بات کی گواہی دیتی ہے کہ قومی مجرموں کا انجام زوال اور شرمساری ہی رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وہ بلوچ اساتذہ اور طلبہ سے گزارش کرتے ہیں کہ بلوچ قومی تحریک کے اِس نازک موڑ پر ریاست اور اَس کے گماشتوں کی طرف سے بنائے گئے منصوبوں کو ناکام بنا نے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ بی ایس او آزاد لندن زون نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ 13نومبر یومِ بلوچ شہدا کی مناسبت سے ہونے والے ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لئے زونل آرگنائزر سکندر بلوچ کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد کیا، اجلاس کے مہمان خاص بی ایس او آزاد کی بیرونی کمیٹی کے آرگنائزر نیاز بلوچ تھے۔ اجلاس میں 13نومبر کی ریفرنس کے حوالے سے زمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔ بی ایس او آزاد کے لندن زون نے بلوچ کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ 13نومبر یومِ بلوچ شہدا کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ریفرنس میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔