چین : کرونا وائرس سے مزید 45 افراد ہلاک

250

چین میں کرونا وائرس پر کوششوں کے باوجود اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس سے اموات میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔ اتوار کو حکام نے ایک دن میں مزید 45 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 304 ہوگئی ہے۔

نیشننل ہیلتھ کمیشن، چائنا نے مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے تاکہ مردے کے عزیز و اقارب اور دوست وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

اس حوالے سے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز ایک نیا قانون تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحت مردے کی آخری رسومات پر پابندی لگادی گئی تاہم کمیشن کی جانب سے اس کا متبادل نہیں بتایا گیا۔

ادھر اتوار کو فلپائن میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ ایک چینی شہری ہلاک ہوگیا جو بیرون چین ہونے والی پہلی موت ہے۔

دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کا دوسرا کیس سامنے آگیا ہے۔ ووہان سے جنوری کے وسط میں ریاست کیرالہ پہنچنے والے طالب علم مین کرونا وائرس کی موجودی کی تشخیص ہوئی ہے۔ اسے علاج کی غرص سے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔

فرانس کے خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق حکام نے وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے چینی صوبے ہوبی میں 45 نئی اموات کی تصدیق کی جب کہ صوبائی صحت کمیشن نے 1921 نئے کیسز رپورٹ ہونے کی اطلاع دی ہے۔

صوبائی اور مرکزی حکومت کے اعداد و شمار کو جمع کریں تو اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 13 ہزار 700 ہوگئی ہے۔

اس مرض کی ابتدا ملک کے صوبہ ہوبی کے شہر ووہان سے دسمبر 2019 میں ہوئی تھی۔

نئے قمری سال کی تعطیلات کے موقع پرہزاروں افراد نے ملک کے متعدد شہروں اور غیر ملکی سفر کئے تھے جس کے سبب یہ مرض انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا چلا گیا یوں متاثرہ افراد کی تعداد روز بہ روز بڑھ رہی ہے۔

چینی شہریوں نے تعطیلات کے بعد غیر ملکی سفر کیے جس سے دنیا کے 20 ممالک اس کی لپیٹ میں آگئے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد امریکہ نے چین سے آنے والے غیرملکیوں پر پابندی لگا دی ہے۔

دوسری جانب ​فلپائن کے محکمہ صحت نے بتایا کہ وسطی صوبے کے شہر ووہان کا ایک 44 سالہ شخص فلپائن میں ہلاک ہوگیا۔ اسے نمونیا کی شکایت پر اسپتال داخل کیا گیا تھا۔

مرنے والا شخص 38 سالہ چینی خاتون کا ساتھی تھا ۔ یہ دونوں 21 جنوری کو ووہان سے ہانگ کے راستے فلپائن پہنچے تھے۔