رہبر کمیٹی میں میر حاصل بزنجو کا نام بطور چئیرمین سینیٹ فائنل ہوگیا

265

چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے لئے میر حاصل بزنجو کا نام نوازشریف اور مریم نواز کی منظوری کے بعد فائنل ہوا ہے۔

اسلام آباد میں جمعرات کو رہبر کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں ن لیگ کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لئے 3 نام پیش کئے گئے۔ ن لیگ نے راجہ ظفرالحق، یعقوب ناصر اور حاصل بزنجو کے نام دیے۔

رہبر کمیٹی کے اجلاس میں لیگی ارکان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے رابطہ کیا۔ مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کو فون کرکے نواز شریف کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ نواز شریف کی جانب سے حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق  کا پیغام آیا ہے۔

رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ اجلاس میں سب نے فیصلہ کیا کہ میر حاصل بزنجو اپوزیشن کے امیدوار ہوں گے اورسب جماعتیں حاصل بزنجو کو اپنا امیدوار سمجھ کر ووٹ دیں گی۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حاصل بزنجو کا نام اپوزیشن نے خوشدلی سے تسلیم کیا ہے، ان کی کامیابی کا 200 فیصد یقین ہے۔

حاصل بزنجو کا تعلق بلوچستان سے ہے اور وہ نیشنل پارٹی کے سینیٹر ہیں۔ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں بھی ایوانِ بالا کی چئیرمین شپ بلوچستان کے پاس ہی رہے گی۔