کوئٹہ: ہزار گنجی بم دھماکے کے خلاف ہزارہ برادری کا دھرنا جاری

358
کوئٹہ میں ہزار گنجی واقعے کیخلاف ہزارہ برادری کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے حکومت ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرئے۔

 ہزار گنجی خودکش دھماکے کے خلاف ہزارہ قبائل نے مغربی بائی پاس روڈ پر دھرنا دیدیا، احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شریک ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک بار پھر عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ہزارہ برادری گذشتہ 20 سالوں سے مسلسل دہشتگردی کا نشانہ بن رہی ہے، 3 ہزار سے زائد افراد دہشتگردی کے واقعات میں لقمۂ اجل بن چکے ہیں اور 5 ہزار سے زائد معذور یا زخمی ہوچکے ہیں۔

مظاہرین نے مزید کہا کہ ہمارے بچے محفوظ ہیں اور نہ ہی بڑے، خواتین اور بزرگوں کو بھی نہیں بخشا جاتا، ہمیں صرف اپنی آبادی والے علاقوں تک محدود کردیا گیا ہے، ہم کالج جاسکتے ہیں اور نہ ہی خریداری کیلئے بازار، ہم صرف جینے کا حق مانگتے ہیں، ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا ہے مطالبات کے حل تک دھرنا جاری رہے گا۔

کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے تھے، جن میں بچے اور سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔