ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن جاری

291
فائل فوٹو

فوجی آپریشن کا آغاز گذشتہ روز کیا گیا جبکہ آپریشن میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن جاری ہے جس میں زمینی فوج کو فضائی کمک بھی حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے زامران کے علاقوں نوانو، دشت، جالگی اور تگران کے علاقوں کلّگ اور بدوئی سمیت گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کی جارہی ہے۔

علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کے نمائندے کو بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں فوجی آپریشن کا آغاز گذشتہ روز کیا گیا جو آج بھی جاری ہے جبکہ فورسز کی متعدد گاڑیوں پر مشتمل قافلوں کو مذکورہ علاقوں کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا جنہیں فضائی کمک حاصل ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہے جبکہ زامران اور تگران کو جانے والی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے جس کے باعث گرفتاریوں یا دیگر نقصانات کے حوالے سے تاحال تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

سرکاری ذرائع سے فوجی آپریشن کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے ضلع کیچ میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہے جہاں فورسز سمیت حکومتی حمایت یافتہ افراد پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

گذشتہ سال کے اواخر میں کیچ کے علاقے تگران میں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے ایک بڑے حملے میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا تھا، سرکاری ذرائع کے مطابق حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 16 زخمی ہوئیں۔

مذکورہ حملے کی ذمہ داری تین مسلح آزادی پسند تنظیموں بی ایل اے، بی ایل ایف اور بی آر جی پر مشتمل الائنس “بلوچ راجی آجوئی سنگر” (براس) کے ترجمان بلوچ خان نے قبول کی تھی۔