جیوانی میں این ایل سی ملازمین کی گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ، چار افراد ہلاک

256

بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے ملازمین کو لے جانے والی ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ جیوانی کے علاقے میں گذشتہ روز پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے این ایل سی کے ملازمین کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت غلام مصطفیٰ، ثنا مسیح، کنول شہزاد اور دانش اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق غلام مصطفیٰ کا تعلق پنجاب، ثنا مسیح کا تعلق شیخوپورہ، پنجاب، کنول شہزاد کا تعلق کوئٹہ جبکہ دانش اقبال کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماضی میں بھی پاکستانی فورسز، سرکاری تنصیبات اور دیگر اداروں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ تاہم جیوانی میں پیش آنے والے اس تازہ واقعے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔