کوئٹہ: ایف سی چیک پوسٹ سے جبری لاپتہ محمد ریاض ساتکزئی کی بازیابی کے لیے اہلخانہ کی اپیل

5

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6339ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں خان محمد نے شرکت کی اور اپنے جبری لاپتہ بیٹے محمد ریاض ساتکزئی کے کوائف وی بی ایم پی کے پاس جمع کرائے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو رواں سال 5 مئی کو اس وقت ڈگاری ایف سی چیک پوسٹ، دشت، ضلع مستونگ سے ریاستی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا، جب وہ ویگن کے ذریعے کوئٹہ سے دگاری جا رہے تھے۔

خان محمد نے کہا کہ بیٹے کی بازیابی کے لیے انہوں نے ایف سی کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی، تاہم تاحال محمد ریاض بازیاب نہیں ہوئے اور نہ ہی اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ محمد ریاض کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے اور اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے خان محمد کو یقین دہانی کرائی کہ محمد ریاض ساتکزئی کا کیس تنظیمی سطح پر متعلقہ کمیشن اور حکومت کو فراہم کیا جائے گا، جبکہ ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محمد ریاض ساتکزئی سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے اور لواحقین کو ان کے پیاروں کے بارے میں فوری طور پر معلومات فراہم کی جائیں۔