کوئٹہ: جبری گمشدگیوں اور بلوچوں کی ماورائے قانون قتل کے سلسلے کو بند کیا جائے۔مہیم خان بلوچ

100

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وی بی ایم کا احتجاجی کیمپ 5883 واں روز جاری، مہیم خان اور دیگر کی اظہار یکجہتی۔

لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے قائم احتجاجی کیمپ کو تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نیچاری کے قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5883 دن مکمل ہوگئے۔

بلوچ اسٹوڈنس آرگنائزیشن (بی ایس او) کے سابقہ چئرمین مہیم خان بلوچ سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ احتجاجی کیمپ آکر اظہار یکجہتی کی۔

مہیم خان بلوچ نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں میں تیزی، لاپتہ بلوچوں کی ماورائے قانون قتل اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں طاقت کے استعمال اور ماورائے قانون اقدامات کی وجہ سے اہل بلوچستان کے احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوگا اور حالات مزید خراب ہونگے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں طاقت کے استعمال اور ماورائے قانون اقدامات سے گریز کیا جائے، بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اسے سیاسی طریقے سے حل کیا جائے، لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے، جبری گمشدگیوں اور بلوچوں کی ماورائے قانون قتل کے سلسلے کو بند کیا جائے۔