کوہاٹ: پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 3 اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک

119

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

’ترجمان پولیس فضل نعیم نے بتایا کہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے رات کے وقت بھاری ہتھیاروں سے اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری بھی ہلاک ہوگیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور پہاڑی علاقے کے قریب ہی چھپے ہوئے ہیں، جلد ان کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک اہلکاروں کی میتیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، ہلاک ہونے والوں میں لائس ہیڈ کانسٹیبل امجد، لائس ہیڈ کانسٹیبل جنید، کانسٹیبل وقار اور لکی مروت کا رہائشی نور محمد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 جنوری کو باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

7 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے صدہ کے قریب تخریب کاروں کی مسافر کوچ اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلکا جب کہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

4 جنوری کو خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند میں بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے تھے۔