کوئٹہ میں سیاسی منڈی لگائی گئی ۔ بار ایسوسی ایشن

121

کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ عابد کاکڑ، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ چنگیز حئی بلوچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حالیہ دنوں میں کوئٹہ میں سیاسی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا جس طرح سے کوئٹہ میں سیاسی منڈی لگائی گئی اس سے بلوچستان کا سیاسی وقار ملکی سطح پر مجروح ہوا، ہزار اختلافات کے باوجود یہ ایک حقیقت ہے کہ بلوچستان کے بلوچ و پشتون سیاسی اکابرین نے اپنے جہد مسلسل انتھک محنت اور سیاسی جدوجہد سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کی سیاست کو ایک مقام دلایا بلکہ انکی سیاسی جہدوجہد سیاسی کمٹمنٹ کی مثال آج بھی ملکی سطح پے سیاسی اقابرین اور سیاسی ورکرز دیتے ہیں اور ان کی سیاسی زندگیاں ہم سب کے لیے ایک رول موڈل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں سیاسی پارٹی یا سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کو ایک عیب سمجھا جاتا تھا پر آج کل مسلط کردہ غیر سیاسی نمائندے پارٹی یا سیاسی وفاداری کو تبدیل کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں جو کہ لمحہ فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بلوچستان کے سیاسی روایات کو ایک منظم سازش کے تحت داغدار کیا جا رہا ہے اور مسلط کردہ غیر سیاسی لوگ بلوچستان کی سیاست پہ قابض ہیں جن کا بلوچستان اور یہاں کی غریب عوام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ اس نازک گھڑی میں تمام حقیقی سیاسی ورکرز ، وکلاء، تاجر برادری ، پروفیسرز، طلباء،ورکر یونین مزدور ، کسان اور تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں پے یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بلوچستان اور اپنے آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے سیاسی اور شعوری طور پر منظم ہوکر سیاست کو ان غیر سیاسی لوگوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے ملکر منظم سیاسی جدوجہد کریں ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔